
(ویب ڈیسک ) شام میں ایک دلخراش ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 35 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ دو مسافر بسوں کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا، جس نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی۔
شامی وزارت صحت کے مطابق حادثہ دارالحکومت دمشق سے تقریباً دور واقع علاقے السخنہ اور تدمر کے درمیان پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بسیں تیز رفتاری کے دوران آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں کئی مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کا شکار ہونے والی ایک بس میں داخلی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار سفر کر رہے تھے، جبکہ دوسری بس میں عام شہری سوار تھے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بڑا کریک ڈاؤن۔۔۔ 110 ڈرائیورز کے لائسنس معطل
حادثے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ بس ڈرائیور کی غفلت، تیز رفتاری یا سڑک کی صورتحال سے متعلق امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق تصادم انتہائی شدید تھا، جس کے باعث بسوں کو شدید نقصان پہنچا، ریسکیو اہلکاروں کو لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کیلئے مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ شام میں جاری طویل عرصے کے بحران، سڑکوں کی خراب حالت اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے مسائل کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔






