3

’’ایرانی حملوں میں 11 لڑاکا طیارے تباہ 200 امریکی فوجی ہلاک ہوئے‘‘

(ویب ڈیسک ) ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن نصر دوم کے دوران امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا  جس میں 11 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے جبکہ گزشتہ 15 روز کے دوران 200 امریکی اہلکار ہلاک ہوئے۔

 ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی دفاعی نظام اس حد تک کمزور ہو چکا ہے کہ ایرانی ڈرونز اور میزائل بغیر کسی مؤثر رکاوٹ کے اپنے اہداف تک پہنچتے رہے، ان کے مطابق حملوں میں امریکی فوج کے 8 تعیناتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایک مقام پر قائم 20 پناہ گاہیں بھی تباہ کر دی گئیں۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیل کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ جنگ میں شامل ہوا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے برطانیہ کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک بمبار طیارہ برطانوی فضائی اڈے سے روانہ ہوا تھا، اور اگر برطانیہ نے امریکا کے ساتھ عسکری تعاون جاری رکھا تو وہ بھی ایران کے جائز ہدف کی زد میں آ سکتا ہے۔

آئی آر جی سی کے ترجمان نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کو تباہ شدہ فوجی مراکز کا دورہ کرنے کی اجازت دے تاکہ حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور ہلاکتوں کی آزادانہ تصدیق کی جا سکے۔
 
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں