1

گلوبل سپر لیگ: گویانا ایمیزون واریئرز نے لاہور قلندرز کو 53 رنز سے شکست دے دی

(24نیوز) گلوبل سپر لیگ (GSL T20) کے چھٹے میچ میں گویانا ایمیزون واریئرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 53 رنز سےشکست دے دی۔ 

 اس فتح کے ساتھ ہی گویانا کی ٹیم مسلسل 3 کامیابیاں حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جبکہ لاہور قلندرز کو ایونٹ میں اپنی پہلی ناکامی دیکھنی پڑی۔

 ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گویانا ایمیزون واریئرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، گویانا کے اوپنرز نے محض 2.5 اوورز میں ٹیم کی ففٹی مکمل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
رحمن اللہ  گرباز نے صرف 35 گیندوں پر 65 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، گرباز اور محمد حارث (34 رنز) کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 72 رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
  مڈل آرڈر میں شمرون ہیٹمائر (8) اور روومین پاول (0) جلدی آؤٹ ہو گئے  تاہم روماریو شیفرڈ نے آخری اوورز میں 29 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر  سکور کو مستحکم کیا۔
لاہور قلندرز کی باؤلنگ میں  کپتان مائیکل بریسویل سب سے کامیاب اور کم خرچ باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں  جبکہ مہران ممتاز نے بھی 2 وکٹیں لیں لیکن وہ 59 رنز دے بیٹھے۔

 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی ،محمد نعیم صفر اور شمل حسین 5 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے جس سے سکور 13 رنز پر 2 وکٹ ہو گیا۔

 عبداللہ شفیق (21) اور پرویز حسین ایمن (21) نے 29 رنز جوڑ کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن گویانا کے اسپنر گوڈاکیش موٹی نے میچ کا پاسا پلٹ دیا۔
 موٹی نے مسلسل دو گیندوں پر مائیکل بریسویل (6) اور ڈیلانو پوٹگیٹر (0) کو آؤٹ کر کے قلندرز کی کمر توڑ دی، انہوں نے 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
 فرحان یوسف نے 19 گیندوں پر 28 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی  لیکن دوسرے اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم ہدف سے کافی دور رہی۔

 اس شکست کے باوجود لاہور قلندرز 3 میچوں میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے،گلوبل سپر لیگ کے قوانین کے مطابق، لیگ مرحلے کے اختتام پر ٹاپ پر رہنے والی ٹیم براہ راست 1 اگست کو ہونے والے فائنل میں پہنچے گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں 31 جولائی کو کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:  ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت، لاہور  قلندرز نے عبداللہ شفیق کو سکواڈ سے ریلیز کردیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں