
(24 نیوز)کویت کے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کے تحت عسکری سروس میں رضاکارانہ بھرتیوں کے عمل کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، یہ بھرتی نان کمیشنڈ افسران اور جوانوں کے تربیتی کورس کے لیے کی جا رہی ہے، جس کے تحت مختلف تعلیمی قابلیت رکھنے والے اہل کویتی شہری درخواست جمع کرا سکتے ہیں، آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 28 جولائی 2026 سے ہوگا، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اعلان کے مطابق مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے کویتی شہری اس بھرتی میں حصہ لے سکتے ہیں، اہل امیدواروں میں یونیورسٹی ڈگری، ہائی اسکول کے بعد ڈپلومہ، انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی تعلیم رکھنے والے افراد شامل ہیں، اس کے علاوہ گیارہویں، دسویں، نویں اور آٹھویں جماعت تک تعلیم مکمل کرنے والے امیدوار بھی درخواست دینے کے مجاز ہوں گے۔ وزارتِ دفاع نے واضح کیا ہے کہ ہر تعلیمی زمرے کے لیے مقررہ شرائط اور ضوابط کے مطابق درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:بلندی کے ساتھ خوبصورتی کا شاہکار! چین میں آبشار والا بلند ترین برج
وزارتِ دفاع کے مطابق درخواست گزار کا کویتی شہری ہونا لازمی ہے۔ امیدوار کی عمر اعلان کی تاریخ کے مطابق 18 سال سے کم اور 26 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے،اس کے علاوہ امیدوار کا طبی معائنے میں فوجی سروس کے لیے مکمل طور پر فٹ قرار پانا ضروری ہے، جبکہ اس کا قد کم از کم 157 سینٹی میٹر ہونا چاہیے۔ امیدوار کو ذاتی انٹرویو بھی کامیابی سے پاس کرنا ہوگا اور اس کا کردار، سیرت اور شہرت اچھی ہونی چاہیے،شرائط کے مطابق ایسے افراد درخواست نہیں دے سکیں گے جنہیں کسی سنگین جرم، بدعنوانی یا اخلاقی بدکرداری کے مقدمے میں سزا سنائی جا چکی ہو،یہ کہ قانون کے مطابق ان کی ساکھ بحال کر دی گئی ہو۔
اسی طرح وہ امیدوار بھی نااہل تصور ہوں گے جنہیں کسی سرکاری ادارے سے حتمی تادیبی کارروائی یا حکم کے تحت ملازمت سے برطرف کیا گیا ہو، وزارت نے مزید بتایا کہ اگر کوئی امیدوار پہلے سے کسی ملازمت میں ہے تو اسے حتمی منظوری ملنے کے بعد اپنی موجودہ ملازمت سے استعفیٰ دینا ہوگا،وزارتِ دفاع نے کامیاب امیدواروں کو ان کی تعلیمی قابلیت کے مطابق دیے جانے والے فوجی رینکس کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں،پی ایچ ڈی ڈگری رکھنے والے امیدوار کو وارنٹ آفیسر کا رینک دیا جائے گا، جس کے ساتھ دو اضافی الاؤنس بھی شامل ہوں گے۔
ماسٹرز ڈگری رکھنے والے امیدوار کو بھی وارنٹ آفیسر کا رینک دیا جائے گا۔ یونیورسٹی ڈگری رکھنے والوں کو سارجنٹ میجر کا رینک دیا جائے گا،ہائی سکول کے بعد ڈپلومہ رکھنے والے امیدوار سارجنٹ کے رینک کے مستحق ہوں گے، جبکہ انہیں دو اضافی الاؤنس بھی دیے جائیں گے۔ انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی تعلیم رکھنے والے امیدواروں کو بھی سارجنٹ کا رینک دیا جائے گا،گیارہویں، دسویں اور نویں جماعت تک تعلیم رکھنے والے امیدواروں کو کارپورل کے رینک پر تعینات کیا جائے گا،آٹھویں جماعت یا اس سے کم تعلیم رکھنے والے امیدوار سپاہی کے طور پر بھرتی کیے جائیں گے۔






