1

 بجلی کے پولز پر انٹرنیٹ اوردیگر کمپنیوں کی کیبلز پر پول رینٹ لگانے کا فیصلہ 

(شاہد سپرا)لیسکو میں بجلی کے پولز پر انٹرنیٹ اوردیگر کمپنیوں کی کیبلز پر پول رینٹ لگانے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
نیپرا نے لیسکو سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں کو مشاورت کیلئے ڈرافٹ ارسال کر دیا جس میں تمام کیبل کمپنیوں سے تاریں بچھانے پر ماہانہ پول رینٹ وصول کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
بجلی کی تنصیبات پر اضافی کیبلز بچھانے کیلئے این او سی کا حصول لازمی قرار دیا جائیگا،کھمبوں پر انٹرنیٹ، ٹیلی کام اورکیبل ٹی وی کیبلز کی تنصیب معیاری بنانے کیلئے ڈرافٹ تیارکرلیاگیاہے۔
نیپراکے مطابق تمام لائسنس یافتہ کمپنیوں کے لئے لیسکو سے این او سی حاصل کرنا لازمی ہوگا،این او سی کے اجراء سے قبل لیسکو اور کمپنیوں کا مشترکہ سائٹ سروے کیا جائے گا،سروے میں پول کی گنجائش، حفاظتی کلیئرنس اور ساختی حالت کا جائزہ لیا جائیگا،لیسکو ایک ماہ کے دوران بغیر فیس کے این او سی جاری کرے گی جس کے بعد ٹیلی کمیونیکیشن ،انٹر نیٹ کمپنیوں سے منظور شدہ ماہانہ پول رینٹل چارجز وصول کئے جائینگے۔
نیپراکے مطابق بجلی کی لائنوں کے قریب کام کرنے سے پہلے پرمٹ ٹو ورک لازمی ہوگا،ایل ٹی لائن سے 3فٹ اور الیون کے وی لائن سے 4فٹ فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا، ٹرانسفارمر پلیٹ فارم، کراس آرم، جمپر، ارتھنگ لیڈ پر کیبلز بچھانا ممنوع ہوگا،کمپنیوں کی جانب سے خلاف ورزی پر لیسکو این او سی منسوخی اوربلیک لسٹ کرنے کی مجاز ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی من مانی قیمت پر فروخت،سرکاری نرخ نظرانداز
کمپنیوں سے مشاورت کے بعد نیپرا کی جانب سے حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں