
(ویب ڈیسک)اداکارہ مومنہ اقبال کی گاڑی چھیننے پر برطرف پولیس اہلکار اور سیکیورٹی کمپنی کے سپروائزر کی جوڑی ایک مرتبہ پھر پکڑی گئی۔
تفصیلات کے مطابق میں شہریوں سے کاریں چھیننے والے برطرف پولیس اہلکار اور سیکیورٹی کمپنی کے سابق سپروائزر کی بدنام زمانہ جوڑی ایک بار پھر قانون کی گرفت میں آ گئی ہے۔
اینٹی کار لفٹنگ سیل نے کار اسنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو انتہائی شاطر ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں پولیس کا برطرف اہلکار رانا کاشف اور نوکری سے نکالا گیا سیکیورٹی سپروائزر ضمیر احمد شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم رانا کاشف کو گزشتہ سال مشہور پاکستانی ٹی وی اور ڈرامہ آرٹسٹ مومنہ اقبال کی گاڑی چھیننے کے جرم میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا، جس کے بعد اسے نہ صرف جیل بھیجا گیا بلکہ محکمہ پولیس سے بھی برطرف کر دیا گیا تھا، اسی طرح اس کے ساتھی ضمیر احمد کو بھی سیکیورٹی کمپنی نے نوکری سے فارغ کر دیا تھا۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی خالد مصطفیٰ کورائی نے بتایا کہ جیل سے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد بھی دونوں ملزمان سدھر نہ سکے اور انہوں نے شہر میں دوبارہ کار اسنیچنگ کی وارداتیں شروع کر دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ جوڑی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، جنہیں گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اے وی ایل سی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فول پروف کارروائیوں کے باعث رواں سال شہر میں گاڑیوں کی چھیننے اور چوری ہونے کی وارداتوں میں مجموعی طور پر واضح کمی واقع ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پینشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری






