
(24 نیوز ) برطانیہ کے ایٹمی پروگرام کے قریب جنگل میں بھڑکنے والی آگ تیز ہواؤں کے باعث تیزی سے پھیل گئی تاہم گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
برطانیہ کی کاؤنٹی سفوک میں واقع جوہری پروگرام کے قریبی جنگلات میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
برطانوی فائر اینڈ ریسکیو حکام نے بتایا کہ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جائے وقوعہ پر فائر فائٹرز کی تعداد 80 سے بڑھا کر 120 کر دی گئی ہے۔ اس وقت 18 فائر انجن اور خصوصی امدادی گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو پڑوسی کاؤنٹیز اور قومی سطح کے دیگر امدادی وسائل کو بھی فوری طور پر استعمال میں لایا جائے گا، آگ کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیشِ نظر متاثرہ علاقوں سے متعدد گھروں کو احتیاطاً خالی کرا لیا گیا ہے، جبکہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے ضلعی کونسل کے تعاون سے عارضی رہائش گاہوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :جاپان میں مزید زلزلے کے خطرات: چین کی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
انتظامیہ نے قریبی آبادی کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ دھوئیں کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے اپنے گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں، فائر اینڈ ریسکیو حکام نے واضح کیا ہے کہ جنگل میں لگی اس آگ سے فی الحال برطانیہ کے جوہری بجلی گھر کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور پلانٹ مکمل طور پر محفوظ ہے تاہم، خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے میں اگلے 36 گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس کے پیشِ نظر ہائی الرٹ برقرار ہے۔






