
(24نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگریب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کوعوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیے،آپ کو اگر لگتا ہے دھاندلی ہوئی ہے تو الیکشن کمیشن، ٹریبونل موجود ہیں، وہاں چیلنج کریں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نیّر بخاری 2 بیلٹ پیپر دکھا کر دھاندلی کا کہہ رہے ہیں، یہ ہزاروں کا الیکشن ہے،انہوں نے کہا کہ تسلیم کرلیں پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر حکومت بلاول بھٹو کے خلاف دھاندلی کر رہی ہے۔ مان لیں آزاد کشمیر اور پنجاب کے لوگوں نے آپ کو ووٹ نہیں دیا۔
پنجاب کی سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ صبح ووٹ دینے کا وقت شروع ہوا تب کہہ رہے ہیں دھاندلی ہو رہی ہے۔ الزام لگانے سے الیکشن نہیں جیتے جاتے، ووٹ سے الیکشن جیتے جاتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وفات گولی سے نہیں ہوئی، کیا اب آپ گولیوں پر سیاست کریں گے؟ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں کارکردگی دکھائے گی تو وہاں کے عوام کو ریلیف ملے گا۔ آپ نے پرچے کی تیاری نہیں کی تو امتحانی ہال کو تالا لگا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مان لیں اس بات کو کہ ن لیگ نے کارکردگی دکھائی عوام کا اعتماد حاصل ہے۔ یقین نہیں آرہا تھا کہ گولیوں اور دھاندلی کی گفتگو پیپلز پارٹی والے کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی والے اپنی حکومت پر دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں، بلاول بھٹو کی گزشتہ روز تقریر سنی، کس قسم کی باتیں کر رہے تھے۔






