1

فیصل قریشی نے دل کی بات کہہ دی

(24 نیوز)پاکستانی شوبز کے معروف اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈرامے اب عالمی سطح پر نیٹ فلکس کی سیریز کا مقابلہ کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں انہیں بڑی تعداد میں ناظرین مل رہے ہیں۔

فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی عالمی مقبولیت اور رسائی پر گفتگو کی۔

اداکار کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں پاکستانی ڈراموں کا مقابلہ براہِ راست نیٹ فلکس کی سیریز سے ہو رہا ہے، پاکستانی ڈرامہ جو ناظرین کے لیے مفت نشر کیا جاتا ہے، اس کا موازنہ نیٹ فلکس کی مہنگی پروڈکشنز سے کیا جا رہا ہے۔

فیصل قریشی نے کہا کہ ایک کامیاب پاکستانی ڈرامہ زیادہ سے زیادہ تقریباً 20 کروڑ روپے کی لاگت میں تیار ہوتا ہے، جبکہ نیٹ فلکس پر بھارتی سیریز 40 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی جاتی ہیں، لیکن اس کے باوجود پاکستانی ڈراموں کو ملنے والے یوٹیوب ویوز غیر معمولی ہیں۔

مزید پڑھیں:بھارتی اداکارہ نے شوہر کے خلاف تشدد کا مقدمہ درج کروادیا

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے کی ایک قسط کے یوٹیوب ویوز بعض اوقات نیٹ فلکس کی پوری ہٹ سیریز کے مجموعی ویوز سے بھی زیادہ ہو جاتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ڈراموں کو دنیا بھر میں پسند کیا جا رہا ہے۔

اداکار نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کا موازنہ دنیا کے کسی بھی بڑے اداکار سے کیا جا سکتا ہے، اگر پاکستانی ڈرامے عالمی سطح پر مقابلے کی صلاحیت نہیں رکھتے تو بھارت انہیں نیٹ فلکس پر نشر ہونے کے لیے کیوں نہیں رکھتا؟ بھارت اپنی مقامی انڈسٹری، مواد اور بیانیے کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

فیصل قریشی نے ایک واقعہ بھی سناتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ میں سنیما میں فلم دیکھ رہا تھا تو برابر بیٹھا ایک شخص اپنے موبائل فون پر پاکستانی ڈرامہ دیکھ رہا تھا، میرے ایک دوست نے بھی ایسا ہی واقعہ سنایا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ پاکستانی ڈرامے بڑی تعداد میں موبائل فون پر دیکھ رہے ہیں۔

فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی عالمی مقبولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک کا ڈرامہ اور فنکار بین الاقوامی سطح پر اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں