1

لیاری کی محبت کبھی نہیں بھولوں گا عامر خان کا جذباتی پیغام وائرل

(24 نیوز)عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے کراچی اور خصوصاً لیاری کے عوام کی محبت، مہمان نوازی اور کھیلوں سے وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان لمحات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں عامر خان نے کہا کہ لیاری میں انہیں جو محبت، اپنائیت اور مہمان نوازی ملی  وہ ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گی۔

 انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کے ساتھ فٹبال میچ دیکھنے کا موقع ملا اور انہیں یہ دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی کہ لیاری کے عوام کے دلوں میں فٹبال کے لیے غیرمعمولی جذبہ اور جنون پایا جاتا ہے۔

 انہوں نے اسلام آباد میں قائم باکسنگ اکیڈمی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی کہ ملک بھر میں جدید باکسنگ اکیڈمیاں قائم کی جائیں تاکہ صلاحیتیں نکھارنے کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔

مزید پڑھیں:ابوظبی سے پاکستان کے لیے شاندار خبر، قومی کھلاڑیوں نے 2 گولڈ میڈلز جیت کر تاریخ رقم کر دی

 عامر خان نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ باکسنگ کے فروغ کے منصوبے کو فوری ترجیح دی جائے، اس وقت ملک میں بے شمار باصلاحیت نوجوان مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار نہیں کر پا رہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں متعدد سرکاری ہالز اور خالی عمارتیں موجود ہیں جنہیں باکسنگ اکیڈمیوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

 ان کے مطابق گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی باکسرز کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔

 ضرورت صرف مؤثر منصوبہ بندی، جدید سہولیات اور بروقت اقدامات کی ہے۔

عامر خان نے اس بات پر زور دیا کہ اگر حکومت فوری عملی اقدامات کرے تو پاکستان باکسنگ کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں