9

مون سون بارشیں؛وزیراعلیٰ پنجاب کی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت 

(راؤ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں مون سون بارشوں کے آغاز کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور واسا آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ انہوں نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ رکھنے،نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس سے پانی جلد از جلد نکالنے، جبکہ برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہری علاقوں میں بارش کا پانی جمع نہیں ہونا چاہیے، جبکہ محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ رہیں اور نہروں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کریں۔انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنانے اور بارشوں کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیر تعلیم کو ہر ہفتے ایک سکول میں خود کلاس لینے کی ہدایت
وزیراعلیٰ نے کنسٹرکشن سائٹس پر حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے، خستہ حال اور حساس عمارتوں کی خصوصی نگرانی کرنے، جبکہ سیف سٹی اتھارٹی، سی ٹی او اور دیگر متعلقہ اداروں کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی بروقت رہنمائی یقینی بنانے کا حکم دیا،انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام فیلڈ ٹیمیں ہر وقت مکمل طور پر تیار رہیں،بارشوں کے دوران کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں