
(عامر بھٹی) رحیم یار خان کے قصبہ لیاقت پور میں بچیوں کو ہراساں کرنے میں ملوث شخص کو گرفتار کرنے کے لئے گئے تو اس کے نیفے میں پستول چل گیا۔ پولیس نے عادی مجرم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم گرفتاری کے دوران نیفے میں پسٹل چلنے سے زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گیا۔
رحیم یار خان کے قصبہ لیاقت پور میں ملزم کے نیفے میں پستول چل جانے کا واقعہ اس وقت ہوا جب پولیس گلیوں میں گزرنے والی کم عمر بچیوں کو ہراساں کرنے میں ملوث شخص کو گرفتار کرنے کے لئے گئی اور اس نے گرفتاری سے بچنے کے لئے پستول نکالنے کی کوشش کی۔
گلی سے گزرنے والی کمسن بچیوں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر ڈی پی او عرفان علی سموں نے نوٹس لیا تھا اور پولیس کو اس شخص کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پانچ خلیجی ملکوں پر ایرانی حملے، دو ثالث بھی نشانہ بن گئے، کشیدگی کا نیا عروج
ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت پر تھانہ سٹی لیاقت پور پولیس نے اس کی تلاش شروع کی تو وہ ایک جگہ گھیرے میں آ گیا۔ پولیس کے گھیرے میں آنے پر ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پسٹل نکالنے کی کوشش کی۔ اس دوران ہی پولیس اہلکاروں نے اسے قابو کر لیا لیکن ملزم نیفے سے پسٹل نکالتے ہوئے شلوار میں گولی چلنے سے زخمی ہو گیا۔ پولیس کے حکام نے تصدیق کی کہ اپنے ہی ہاتھ سے گولی چل جانے سے اس شخص کا عضوِ تناسل زخمی ہوگیا۔
زخمی ملزم غلام محمد گورگیج کو حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے واضح کیا کہ رحیم یار خان ضلع میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیئے: خاتون کے ریپ اور رقم ہتھیانے میں ملوث دو ملزم گرفتار






