
(24 نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں معصوم مزدوروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت ہے۔ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ریاست اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے ماشکیل مین شہید ہونےوالوں کی مغفرت کی دعا کی اور شہداء کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: واشک میں مسلح افراد کی فائرنگ، پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 افرادجاں بحق
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی واشک کے علاقے ماشکیل میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ہاتھوں پانچ بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کا واقعہ انتہائی سفاکانہ اور بزدلاہ فعل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے انسانیت سوز جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: آپریشن شعبان سے خوفزدہ فتنہ الہندوستان کے فتنہ گروں نے ماشکیل میں پنجابی حجاموں پر بزدلانہ حملے کر دیئے
وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے لیے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم نے شہید ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس ظلم میں ملوث دشہتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: غم کی گھڑی میں ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، محسن نقوی کی واشک میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت






