7

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے: بلاول بھٹو 

(24نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں سرینگر میں شہید ہونے والے 22 کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے،انہوں کہا  کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں امن، انصاف اور حقوق کے حصول کی صورت میں رنگ لائیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے شہداء کے لہو نے کشمیری عوام کی جمہوری، سیاسی اور انسانی حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں دنیا کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ عزت، انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی خواہش کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پارٹی بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مونال ریسٹورنٹ گرانے کاسپریم کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار!

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مسئلہ کشمیر پر مؤقف مشعلِ راہ ہے، جبکہ پیپلز پارٹی آئندہ بھی کشمیریوں کے حقِ خودارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں