
(احمد منصور)وزیردفاع خواجہ آصف کی مولانا فضل الرحمان کےغیر ذمہ دارانہ بیان پر سخت تنقید،مولانا فضل الرحمان کے بیان کو شہداء کی قربانی کی توہین قرار دے دیا۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک کہنہ مشق سیاست دان اور ممتازمذہبی رہنما ہیں،ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو ان کی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ ہے بلکہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے، کوئی شخص محض تنخواہ کیلئے اپنی قیمتی جان کی قربانی نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ جان کی قربانی کے پیچھے کسی نظریے،عقیدے، فرض اور وطن سے گہری وابستگی ہوتی ہے، آپ حالات و واقعات یا طریقہ کار سے اختلاف کر سکتے ہیں مگر اس نظریے، وابستگی، محبت اور قربانی کی توہین نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھیں:صفر کا چاند۔۔! سپارکو کی اہم پیشگوئی سامنے آ گئی
وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری ہے اور پاک فوج سمیت دیگر اداروں کے جوان اور شہری شہادتیں دے رہے ہیں ، ان کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا صاحب نے صرف ایک ادارے کو نہیں، ہزاروں شہداء،غازیوں،بیواؤں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔






