5

آزادجموں وکشمیر چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت انتخابات 2026 کے انتظامات کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

(24 نیوز)آزادجموں وکشمیر چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات کا اعلیٰ سطح اجلاس،27 جولائی کے انتخابات کے لیے ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ضابطۂ اخلاق پر مؤثر عملدرآمد  کرانے کا حکم دیا گیا ہے، ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی اور رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان  نے شرکت کی، کمشنر مظفرآباد ڈویژن کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نیلم، مظفرآباد اور جہلم ویلی، ایس ایس پی مظفرآباد،ایس پی نیلم اور جہلم ویلی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ سٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا، ووٹرز کو پُرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا، پولنگ مٹیریل، بیلٹ باکسز اور انتخابی عملے کی بروقت ترسیل کے لیے موومنٹ سکیم کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتخابی نتائج کی بروقت وصولی اور کنٹرول روم تک ترسیل کے لیے جامع انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، کم سے کم گاڑیوں کے مؤثر استعمال کے لیے اسمبلی پوائنٹس مقرر کیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنرز کو انتخابی عملے اور پولنگ مٹیریل کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر  جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل کے مطابق الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے،تمام متعلقہ ادارے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں :کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی معمولات کو سبوتاژ کر رہی، موثر جواب دیں گے :سیکرٹری داخلہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں