
(عثمان خان)آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر جماعت اسلامی پاکستان کی کمیٹی کا اجلاس ہو،اجلاس کی صدارت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کی جس میں کشمیر کے حالیہ تنازعے کے حل کے لیے “امن جرگہ” تشکیل دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق امن جرگہ وزیراعظم، صدر مملکت، پاکستانی ریاستی مقتدر شخصیات سے رابطے اور ملاقاتیں کرے گا، جرگہ آزاد کشمیر کی حکومت، سیاسی جماعتوں ،دینی قیادت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے بھی ملاقاتیں / رابطے کرے گا،جرگے میں ریٹائرڈ ججز، بیوروکریٹس اورسول سوسائٹی کے نمائندے شامل ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےلیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کیں ،جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے حکومت بھی فوری بات چیت کا آغاز کرے، مقتدر قوتوں کو بھی اپنی سوچ کو بدلنا چاہیئے، ڈیڈ لاک کی وجہ سے قضیہ کشمیر کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ کوئی بھی فریق انا اور ہٹ دھرمی نہ دکھائے،احتجاج کو پرامن رکھنا احتجاج کرنے والوں کی ذمہ داری ہے، ریاست بھی ایسا ماحول نہ بنائے جس سے احتجاج پر تشدد بنے ، حکومت اور ریاستی ادارے بااختیار ہیں وہ اس مسئلے کا خود حل تلاش کریں، پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت بشمول اپوزیشن اپنے آپ کو اس مسئلے سے لاتعلق نہ کرے، انتخابات عوام کا حق اور آزاد کشمیر کے جمہوری کردار کے لیے اہم ہیں،بروقت شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کراکے آزاد کشمیر کے عوام کا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان!محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی






