13

وفاقی بیوروکریسی میں گریڈ 22 کی ترقیوں کا عمل 15 ماہ سے تعطل کا شکار، اجلاس اگست میں متوقع

 (بابر شہزاد تُرک)وفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح کی ترقیوں کا عمل بدستور تعطل کا شکار ہے، گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقیوں کیلئے ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا اجلاس گزشتہ 15 ماہ سے منعقد نہیں ہو سکا. 

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے  ذرائع کے مطابق بورڈ کا آئندہ اجلاس اگست کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، اجلاس کے انعقاد کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی تمام انتظامی تیاری مکمل ہے تاہم حتمی تاریخ کیلئے وزیراعظم آفس سے گرین سگنل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا آخری اجلاس مارچ 2025 میں منعقد ہوا تھا، جس کے بعد سے وفاقی بیوروکریسی کے اعلیٰ ترین گریڈ میں ترقیوں کا عمل رکا ہوا ہے اور اجلاس کی مسلسل عدم طلبی کے باعث سینئر افسران میں بے چینی پائی جا رہی ہے جبکہ گریڈ 21 کے کئی سول و پولیس سروس افسران گریڈ 22 میں ترقی کے منتظر رہتے ہوئے اس عرصے میں ریٹائر بھی ہو چکے ہیں۔ 

 ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم یا نائب وزیراعظم کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 8، پولیس سروس آف پاکستان کے 6، سیکریٹریٹ گروپ کے 4، ان لینڈ ریونیو سروس کے ایک اور انفارمیشن گروپ کے ایک افسر سمیت مختلف سروسز اور گروپس کے مجموعی طور پر 25 سے زائد افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کے کیسز زیر غور آئیں گے، اجلاس کے بعد وفاقی حکومت میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں کا بھی امکان ہے اور متعدد وزارتوں کے سیکریٹریز تبدیل کیے جا سکتے ہیں  جبکہ اس وقت قائم مقام چارج پر خدمات انجام دینے والے بعض سیکریٹریز کو انہی وزارتوں میں مستقل تعینات کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں :  جماعت اسلامی نےکشمیر کے حالیہ تنازعے کے حل کیلئے امن جرگہ تشکیل دے دیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں