
(احمد منصور) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی ہم منصب شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی ۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق کویتی وزیر دفاع اور چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دارج سعد الشریعان نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق پاکستان اور کویت نے پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط کر دئیے، پروٹوکول معاہدہ 2026 سے پاکستان اور کویت کے درمیان 2023 کے دفاعی تعاون معاہدے کے تحت فوجی تعاون کا فریم ورک مزید مضبوط ہوگا،معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی،معاونت میں تربیت، استعداد کار میں اضافے اور سرحدی انتظام سمیت دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طے شدہ شعبے شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور کویت نے دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،پروٹوکول معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کا عکاس ہے، پاکستان اور کویت کے دفاعی تعاون سے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کو فروغ ملے گا ۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب اسمبلی کااجلاس:پمز میں شہید بچوں،کوئٹہ میں شہیدہونےوالےنوجوانوں کیلئے فاتحہ خوانی






