(ساجد بلوچ)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD)پشاور ریجن نے قبرستان مہر گل کلے میراکچوڑی میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی جس میں 4 دہشت گرد ہلاک کردئے گئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کو مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ فتنہ الخوارج JUA جمروز گروپ کی قیادت میں سیکیورٹی فورسز کو ٹارگٹ کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی غرض سے منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گرد میراکچوڑی کے مقام پر موجود ہیں،مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی پشاور ریجن کی SWAT ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی کے ساتھ مذکورہ مقام، قبرستان مہر گل کلے، میراکچوڑی، پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) شروع کیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کے جوانوں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جو تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہی، فائرنگ تھم جانے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک پائے گئے جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے جوانوں نے انتہائی پیشہ ورانہ حکمتِ عملی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کارروائی انجام دی جس کے باعث تمام اہلکار محفوظ رہے۔
سرچ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ، 7 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے، جنہیں مزید تفتیش اور فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

مزید برآں، ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان مہاجر کارڈ برآمد ہوا، جس سے مذکورہ دہشت گرد کی شناخت سید ولی ولد عبدالغنی، سکنہ ننگرہار، افغانستان کے نام سے ہوئی۔
قبل ازیں ،انٹیلیجنس ایجنسیز کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا، کہ افغانستان سے ضلع خیبر کے راستے دہشت گردی کی غرض سے 3 خودکش حملہ آور پاکستان میں داخل ہو گئے ہیں، لہٰذا دستیاب شواہد کی روشنی میں سید ولی ولد عبدالغنی مذکورہ 3 خودکش حملہ آوروں میں سے ایک ہو سکتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہلاک دہشت گردوں کی ٹیرارسٹ پروفائلنگ کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں تعاقب اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا جناب ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی پشاور ریجن کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ریاستی رٹ کے استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انٹیلیجنس کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔






