10

چودھری سالک نے ای او بی آئی پنشن میں اضافہ فنڈز سے مشروط قرار دے دیا

(اویس کیانی)وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے ایک سال میں دوبارہ ای او بی آئی پنشن میں اضافے کیلئے کوششیں تیز کر دیں، پنشن میں مزید اور فوری اضافے کیلئے اہم ٹاسک دے دیا،مالی گنجائش اور فنڈز کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

ترجمان ای او بی آئی  کے مطابق ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس ایکٹ 1976ء کے سیکشن21 کے تحت پنشن میں اضافہ ، پنشن فنڈ کی فنانشل پوزیشن اور ایکچوریل جائزے کے نتائج سے مشروط ہے۔

وفاقی وزیر کی کوششوں اور مقررہ طریقہ کار کے تحت اگست 2025ء میں ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، جس کا اطلاق یکم جنوری 2025ء سے ہوا۔ اس کے ساتھ کم از کم پنشن 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 11 ہزار 500 روپے ماہانہ کر دی گئی تھی، جبکہ پنشن میں اضافے کے بقایاجات کی مد میں اربوں روپے پنشنرز کو ادا کیے گئے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنشن میں  یہ اضافہ تقریباً ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد کیا گیا تھا۔ قانون کے مطابق پنشن میں اضافے پر تین سال کے اندر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم یہ پنشن فنڈ کے مالی استحکام اور ایکچوریل صورتحال سے مشروط ہے۔

ای او بی آئی پنشنرز کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ایک سال کے اندر ہی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ای او بی آئی کو پنشن میں اضافے کا معاملہ بورڈ آف ٹرسٹیز کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی۔ 28 جولائی 2026ء کو ہونے والے بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس میں ای او بی آئی فنڈ کی ایکچوریل ویلیوایشن کرانے کی منظوری دی گئی ، جو قانون کے تحت پنشن کی شرح میں کسی بھی تبدیلی سے پہلے ضروری ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ای او بی آئی پنشنرز کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاہم پنشن میں مزید اضافہ ایکچوریل ویلیوایشن مکمل ہونے، اس کی سفارشات اور قانونی و ادارہ جاتی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد ہی ممکن ہوگا۔

ای او بی آئی ترجمان نے پنشنرز اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں اور دعوؤں پر یقین نہ کریں۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک نے ای او بی آئی پنشنرز کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنشن میں مزید اور فوری اضافے کیلئے اہم ٹاسک دے دیا گیا ۔

چوہدری سالک نے ای او بی آئی بورڈ کو مالی گنجائش اور فنڈز کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی، چوہدری سالک گزشتہ برس ای او بی آئی کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کروا چکے ہیں۔

ساڑھے 11 ہزار روپے ماہانہ پنشن کے ساتھ پنشنرز کو بقایا جات کی مد میں بھی فائدہ دیا گیا،چوہدری سالک سے پہلے پنشن میں اضافہ سست روی کا شکار رہا،ہر 3 سالوں بعد پنشن میں اضافے کیلئے مشاورت ہوتی تھی۔ 

چودھری سالک نے کہا کہ ای او بی آئی پنشنرز کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،ای او بی آئی پنشنرز کو فیک نوٹیفکیشن اور جعلسازوں سے محتاط رہنے کی بھی ہدایت جاری  کی۔

واضح رہے کہ چوہدری سالک گزشتہ برس ای او بی آئی کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کروا چکے ہیں، ساڑھے 11 ہزار سے 32 ہزار روپے ماہانہ پنشن میں اضافے کے ساتھ پنشنرز کو بقایا جات کی مد میں بھی فائدہ دیا گیا،چوہدری سالک سے پہلے پنشن میں اضافہ سست روی کا شکار رہا،ہر 3 سالوں بعد پنشن میں اضافے کیلیے مشاورت ہوتی تھی ۔

یہ بھی پڑھیں :بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں