
(24 ںیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مشکل حالات میں بھی بھرپور کارکردگی دکھانے کا حوصلہ دیا ہے۔
محسن نقوی نے لندن میں پاکستان ہاؤس میں قومی ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کھلاڑیوں اور دیگر شرکا سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ انہیں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہی ٹیم آگے بڑھ کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
محسن نقوی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ خود اعتمادی کامیابی کی بنیادی کنجی ہے۔ اگر کھلاڑی اپنے آپ پر یقین رکھیں تو بڑے سے بڑا امتحان بھی کامیابی سے عبور کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں، قومی ٹیم کو اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھتے ہوئے میدان میں بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا۔
پی سی بی چیئرمین کے اس بیان کو قومی ٹیم کے لیے اعتماد اور حوصلہ افزائی کا اہم پیغام قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹیم کو حالیہ میچز میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایس سی او کی صدارت پاکستان کے سپرد، شہباز شریف نے اعلامیے پر دستخط کردیے






