ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے انکشاف کیا ہے کہ مین اسٹریم اور کمرشل فلموں میں اداکاراؤں کو کردار صرف ان کی اداکاری کی صلاحیت دیکھ کر نہیں دیے جاتے بلکہ مارکیٹ ویلیو، مقبولیت، روابط اور انڈسٹری میں اثر و رسوخ بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تاپسی پنو کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو روایتی کمرشل سینما کے بجائے منفرد اور مشکل موضوعات پر مبنی فلموں میں اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں۔ تاہم شاہ رخ خان کے ساتھ 2023 کی فلم ’ڈنکی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے باوجود ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس کے بعد مین اسٹریم سینما میں توقع کے مطابق زیادہ مواقع نہیں ملے۔
اداکارہ کے مطابق فلم انڈسٹری میں کسی کردار کے لیے صرف باصلاحیت ہونا کافی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد اداکار ایک ہی کردار کو اپنے اپنے انداز میں ادا کرسکتے ہیں، اس لیے کمرشل فلموں میں انتخاب کے دوران دیگر عوامل بھی فیصلہ کن بن جاتے ہیں۔
تاپسی نے کہا کہ مین اسٹریم فلموں میں خواتین کے کردار اکثر اس نوعیت کے نہیں ہوتے کہ انہیں لازماً کسی ایک مخصوص اداکارہ کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے کرداروں کے لیے مختلف اداکاراؤں میں سے کسی کو بھی منتخب کیا جاسکتا ہے۔
ان کے بقول، مارکیٹ ویلیو، سیل ایبلٹی، مقبولیت، روابط، انڈسٹری میں موجودگی اور اثر و رسوخ بعض اوقات اداکاری کی صلاحیت سے بھی زیادہ اہم ہوجاتے ہیں۔
تاپسی پنو نے اعتراف کیا کہ ان عوامل کے معاملے میں وہ خود کو بعض دیگر اداکاراؤں کے مقابلے میں پیچھے سمجھتی ہیں اور فلم حاصل کرنے کے لیے ان کے پاس بنیادی طور پر ان کا ٹیلنٹ ہی ہے۔
اداکارہ نے اپنی فلم ’ڈنکی‘ کی کاسٹنگ کا کریڈٹ ہدایت کار راج کمار ہیرانی کو دیتے ہوئے کہا کہ ہیرانی نے ان کا کام دیکھنے کے بعد انہیں فلم میں شامل کیا اور اپنے فیصلے پر مضبوطی سے قائم رہے۔
تاپسی کے مطابق مین اسٹریم سینما میں ایسے مواقع کم ہی ملتے ہیں جہاں کسی اداکارہ کو صرف اس کی اداکاری کی صلاحیت کی بنیاد پر منتخب کیا جائے، تاہم راج کمار ہیرانی جیسے ہدایت کار اس حوالے سے مختلف انداز رکھتے ہیں۔
دوسری جانب تاپسی پنو کی حالیہ فلم ’گندھاری‘ میں انہوں نے ایک ایسی ماں کا کردار ادا کیا ہے جو اپنی اغوا شدہ بیٹی کو تلاش کرنے اور اسے بچانے کے لیے ہر حد سے گزرنے پر تیار ہے۔ فلم میں انتقام اور نجات جیسے موضوعات کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے، تاہم اسے ناقدین اور ناظرین کی جانب سے ملا جلا، بالخصوص منفی، ردعمل بھی ملا۔






