ایرانی دودھ 50 سے بڑھ کر 70 روپے میں فروخت، اسسٹنٹ کمشنر پسنی کی مبینہ عدم کارروائی پر شہریوں میں تشویش
پسنی: پسنی شہر میں ایرانی اشیاء کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں ایرانی دودھ جو گزشتہ دنوں تک 50 روپے میں فروخت ہوتا تھا، اب اچانک 70 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں 20 روپے کا اضافہ کسی واضح وجہ یا سرکاری نوٹس کے بغیر کیا گیا ہے۔
شہریوں کے مطابق بازار میں اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، تاہم قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود مؤثر چیک اینڈ بیلنس نظر نہیں آ رہا۔
عوام نے اسسٹنٹ کمشنر پسنی اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازار کا فوری معائنہ کیا جائے، ایرانی دودھ سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں چیک کی جائیں اور من مانے نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔






