
(24 نیوز)ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے مختصر تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر، نیشنل سٹیڈیم میں چار روزہ تربیتی کیمپ جمعرات تک جاری رہے گا۔
پہلے دن قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے مختلف مشقیں کیں جن میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ شامل ہیں۔
کیمپ کے اختتام پر پاکستان سکواڈ کی جاپان روانگی طے ہے، 5 کھلاڑی عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم لیگ مصروفیات کے بعد سکواڈ کا حصہ بنیں گے،24 ستمبر کی درمیانی شب 21 رکنی قومی دستہ جاپان روانہ ہو جائے گا۔
قومی سکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:ایشین گیمز میں پاکستان کو پہلا میڈل مل گیا
5 رکنی سپورٹ سٹاف مائیک ہیسن (ہیڈ کوچ)، ایشلے نوفکے (بولنگ کوچ)، شین میکڈرماٹ (فیلڈنگ کوچ)، محمد طاہر (فزیو تھراپسٹ)، عمران اللہ (ٹرینر) اور عثمان ہاشمی (اینالسٹ) پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ جاپان میں جاری ایشین گیمز میں مینز کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز 24 ستمبر سےہوگا، ابتدائی راؤنڈ میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں سے 4 کوارٹر فائنل میں جگہ میں بنائیں گی۔
24 ستمبر کو افغانستان کا جاپان اور ہانگ کانگ کا ملائیشیا، 25 ستمبر کو ہانگ کانگ کا عمان اور افغانستان کا نیپال جبکہ 26 ستمبر کو جاپان کا نیپال اور ملائیشیا کا عمان سے مقابلہ طے ہے۔
28 ستمبر کو پہلے کوارٹر فائنل میں پاکستان، دوسرے کوارٹر فائنل میں بھارت، 29 ستمبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں سری لنکا اور چوتھے کوارٹر فائنل میں بنگلادیش اپنی حریف ٹیموں سے مقابلہ کریں گے۔
یکم اکتوبر کو دونوں سیمی فائنل مقابلے ہوں گے جبکہ گولڈ میڈل کے لیے فائنل 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔






