
(24نیوز)سورج آج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا جس کے باعث چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہوجائے گا۔
جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق آج دوپہر 12 بج کر 26 منٹ پر سورج 90 درجے کے زاویے پر خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگاجس کی وجہ سے خانہ کعبہ کا سایہ نظر نہیں آئے گا۔
پاکستان میں یہ فلکیاتی منظر دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر دیکھا جا سکے گا۔
اس صورت حال میں سورج خانہ کعبہ کے متوازی یعنی ایک ہی خط عمود پر آجائےگا جس کی وجہ سے خانہ کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دےگا، سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے سے پوری دنیا کے مسلمان قبلے کی سمت کا درست تعین قطب نما کے بغیر بھی کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کون بنا خوش نصیب؟ 750 روپے پرائز بانڈ کے نتائج سامنے آگئے
واضح رہے کہ سال میں دو بار سورج خانہ کعبہ کے ٹھیک اوپر آتا ہے،پرانے وقتوں میں سورج کے عین خانہ کعبہ کے اوپر آنے پر قبلے کے رخ کا تعین کیا جاتا تھا، اس کے لیے ایک لکڑی کو زمین میں گاڑا جاتا تھا اور جب اس کا سایہ ظاہر ہوتا تو اس کی مخالف سمت کو کعبے کی سمت کے طور پر تعین کیا جاتا تھا۔






