پسنی (نمائندہ خصوصی) پسنی کے وارڈ نمبر 4 میں چوری کی مبینہ وارداتوں اور مشکوک سرگرمیوں کے باعث شہریوں میں تشویش بڑھنے لگی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ منشیات کے عادی بعض افراد کے چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق پسنی میں پولیس نفری کی کمی اور مؤثر گشت نہ ہونے کی شکایات کے باعث ایسے واقعات کی روک تھام پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر شہری اپنے گھروں اور قیمتی سامان کے تحفظ کے لیے بھی پریشان رہیں تو وہ اپنی فریاد لے کر کہاں جائیں؟
کیا پولیس کسی بڑی واردات کا انتظار کر رہی ہے؟ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ وارڈ نمبر 4 سمیت پسنی کے مختلف علاقوں میں پولیس گشت بڑھایا جائے، چوری کی شکایات کی فوری تحقیقات کی جائیں اور منشیات کے کاروبار و استعمال کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
ضلعی پولیس حکام سے اپیل ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ عوام کو صرف یقین دہانیاں نہیں بلکہ عملی اقدامات درکار ہیں۔






