11

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اسکولز ہاکی لیگ شروع کرنے کا فیصلہ

(روزینہ علی)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اسکولز ہاکی لیگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے مشاورتی اجلاس  کی صدارت صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی نے کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکولز ہاکی لیگ کے ذریعے ہاکی کو تعلیمی اداروں میں فروغ دیا جائے گا، اسکولز ہاکی لیگ کا مقصد قومی ہاکی ٹیموں کے لیے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے۔

 اجلاس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے محکمہ تعلیم اور کھیل کے نمائندوں نے شرکت کی،  اسکولز ہاکی لیگ کے تحصیل، ضلعی اور ڈویژنل مقابلے 15 نومبر سے ملک بھر میں بیک وقت شروع ہوں گے۔

 اسکولز ہاکی لیگ کے صوبائی مقابلے جنوری اور قومی مقابلے فروری میں ہوں گے،لیگ کی ٹاپ تین ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ایک سال تک ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔

 دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 7 ہزار 500 روپے وظیفہ دیا جائے گا، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ ملے گا، اسکولز ہاکی لیگ کی فاتح ٹیم اور منتخب کھلاڑی بین الاقوامی دورے کریں گے۔

اجلاس میں طے پایا کہ ہر سال 100 لڑکوں اور 100 لڑکیوں کو سمر کیمپس کے لیے منتخب کیا جائے گا، سمر کیمپس میں کھلاڑیوں کو ہاکی کوچنگ، فٹنس ٹریننگ اور تعلیمی معاونت فراہم کی جائے گی۔

 اسکولز ہاکی لیگ کی معاونت کرنے والے اسکول سربراہان اور اسپورٹس ٹیچرز کو خصوصی ایوارڈز دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور آل پاکستان انٹر بورڈ مقابلوں کا میزبان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں