1

کوئٹہ میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی، 11 خواتین اور ایک مرد گرفتار

کوئٹہ میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی، 11 خواتین اور ایک مرد گرفتار، 7 بچوں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا، ڈی جی سوشل ویلفیئر میر سیف اللہ کھیتران کی ہدایت پر مختلف مقامات پر چھاپے
کوئٹہ (04 نومبر 2026): ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران کی خصوصی ہدایات پر ویلفیئر ہوم فار بیگرز، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی مرکزی شاہراہوں اور اہم مقامات پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 خواتین اور ایک مرد سمیت مجموعی طور پر 12 افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ 7 بچوں کو تنبیہ اور وارننگ دے کر والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف اہم مقامات، جن میں ایئرپورٹ روڈ، سیکرٹریٹ چوک، جی پی او چوک اور سرینا چوک شامل ہیں، پر چھاپے مارے اور پیشہ ورانہ طور پر بھیک مانگنے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران 11 خواتین اور ایک مرد کو پکڑا گیا، جبکہ 7 بچوں کو بھی تحویل میں لے کر ان کی مناسب رہنمائی اور وارننگ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ گرفتار افراد کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے مشن کے تحت کوئٹہ شہر کو پیشہ ور گداگری سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اور مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ور گداگری ایک سماجی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بچوں اور خواتین کو بھیک مانگنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جو نہ صرف قابل تشویش امر ہے بلکہ بچوں کے مستقبل اور ان کی تعلیم و تربیت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھے گا، جبکہ بچوں کو گداگری سے بچانے، ان کی تعلیم و تربیت اور بہتر مستقبل کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی۔
میر سیف اللہ خان کھیتران نے مزید کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ افزائی نہ کریں اور اگر کسی مقام پر بچوں یا خواتین کو منظم انداز میں بھیک مانگنے پر مجبور کیا جا رہا ہو تو متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی ٹیمیں آئندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ پیشہ ور گداگری کی حوصلہ شکنی اور معاشرتی مسائل کا مؤثر تدارک کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں