3

بلوچستان کی ترقی کا راستہ تعلیم، فنی مہارت، جمہوری استحکام اور معاشی خودمختاری سے ہو کر گزرتا ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جمہوری اقدار کے فروغ، عوام کو ان کے حقوق و فرائض کا سیاسی شعور دینے اور بنیادی اولسی مسائل کے حل کیلئے صوبے کی سیاسی جماعتوں نے عوام دوست جدوجہد، قربانیاں اور گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ جن میں نیشنل پارٹی کا مختلف قومی ایشوز اور صوبے کو درپیش چیلنجز پر جمہوری اور متوازن سیاسی کردار رہا ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی تقریباً 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہماری سب سے بڑی افرادی قوت اور مستقبل کا قیمتی سرمایہ ہیں تاہم ان کے ذہنوں کو معیاری تعلیم کی روشنی سے روشن کرنا، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی مہارتیں فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ایک بڑا چیلنج بھی ہے اور حکومت کی اولین ذمہ داری بھی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے یوتھ پروگرام کے تحت پورے بلوچستان بالخصوص جنوبی اضلاع کے نوجوانوں کیلئے 10 ہزار افراد کو جدید تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ایک وفاقی ادارہ نوجوانوں کو اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کریگا۔ گورنر مندوخیل نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور صوبے میں بیروزگاری کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی جسکا ہدف 50 فیصد تک کمی لانا ہے۔ گورنر بلوچستان نے مزید کہا کہ نوجوانوں اور تاجر برادری کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے۔ وہ ہر متعلقہ اور ذمہ دار فورم پر انکے مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں اور متعلقہ حکام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرکے انکے حل کیلئے مسلسل شعوری کوششیں جاری رکھتے ہیں۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی ترقی کا راستہ تعلیم، فنی مہارت، جمہوری استحکام اور معاشی خودمختاری سے ہو کر گزرتا ہے۔ نوجوانوں کو محض ملازمت کے متلاشی افراد بنانے کے بجائے ہنرمند، خوداعتماد اور روزگار پیدا کرنے کے قابل شہری بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں، تعلیمی اداروں اور حکومتی اداروں کے درمیان موثر تعاون ہی صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قومی تعمیر و ترقی کی قوت میں تبدیل کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں