
( 24 نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ برینڈن میکلم نے پاکستان میں ون ڈے سہ فریقی سیریز میں ناکامی کے باوجود مستقبل کے لیے مثبت امیدیں ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم اس دورے سے بہت کچھ سیکھے گی۔
برینڈن میکلم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا مقصد آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں مضبوط ٹیم کے طور پر حصہ لینا ہے، جس کے لیے کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی۔
میکلم نے کہا کہ ٹیم جائزہ لے گی کہ سیریز میں کیا اچھا کیا اور کن شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے، ہمیں مسلسل بہتر ہونے کی کوشش کرنی ہے اور یقین ہے کہ ان تجربات سے بہت کچھ سیکھیں گے۔
Brendon McCullum explains the importance of learning for England during their Tri-Series experience https://t.co/llMBMXwzrP
— Sky Sports Cricket (@SkyCricket) October 29, 2026
انگلینڈ کے ہیڈ کوچ نے کپتان ہیری بروک کی قیادت اور حکمت عملی کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں ٹیم کو سنبھالنے کے لیے بہترین فیصلے کیے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کھیلی گئی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کو ابتدائی تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے باعث وہ فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا، تاہم انگلش ٹیم نے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا اختتام کامیابی کے ساتھ کیا۔
انگلش ٹیم اب نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز میں حصہ لے گا، جو 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہوگی۔






