1

ٹیسٹ سیریز کی تیاریاں:سری لنکن ٹیم اور پیٹرنز الیون میں 3 روزہ میچ کل شروع ہوگا

(24 نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پیٹرنز الیون اور سری لنکا ٹیسٹ اسکواڈ کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ کا آغاز بدھ سے اسلام آباد کلب گراؤنڈ میں ہوگا، جس کا مقصد ٹیسٹ سیریز سے قبل کھلاڑیوں کو تیاری کا بہترین موقع فراہم کرنا ہے۔

میچ سے ایک روز قبل سری لنکا ٹیسٹ سکواڈ اور پیٹرنز الیون کے کھلاڑیوں نے اسلام آباد کلب میں بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور میچ کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کیں۔

پیٹرنز الیون کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر اور کپتان سعد بیگ نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے پریکٹس میچ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر کا کہنا تھا کہ یہ پریکٹس میچ ٹیسٹ سیریز میں شامل کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے ایک اچھا موقع ہے، سکواڈ کے تمام کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر آرہے ہیں، اس لیے دونوں ٹیموں کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

کپتان سعد بیگ نے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ میں کھلاڑیوں کے پاس وقت ہوتا ہے، تاہم انہیں جلد از جلد خود کو طویل فارمیٹ کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔

انہوں نے پیٹرنز الیون کی قیادت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو اچھا محسوس کر رہے ہیں اور اس ٹیم کی کپتانی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرنز الیون کے سکواڈ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے 7کھلاڑی بھی شامل ہیں، جبکہ پریکٹس میچ کے اختتام پر پیٹرنز سکواڈ سے مزید دو فاسٹ باؤلرز کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور انڈر 19 فٹ بال چیمپئن شپ: ریئل لاہور  کلب نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں