
(فاران یامین)پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹرائی سیریز کے آج کھیلے جانے والے فائنل کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیاگیا۔
آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے میچ کیلئے عوامی سہولت،ٹریفک کی مؤثرروانی اور آگاہی کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کاکہناہے کہ 02 ایس ایس پیز، 07 ڈی ایس پیز،90 انسپکٹرز فرائض سرانجام دیں گے، قذافی اسٹیڈیم،ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر 01 ہزار سے زائد وارڈنز تعینات ہیں،رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 10 فورک لفٹرزاور 07 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہیں۔
سی ٹی اولاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شائقین کرکٹ کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کیلئے 04 پارکنگ اسٹینڈز مختص کئے گئے ہیں، شٹل سروس بھی فعال ہوگی،مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ،مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کیلئے کھلی رہیں گی۔
سی ٹی اوسید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند نہیں رکھا جائے گا، ٹیم کی موومنٹ کے دوران روڈز کو کچھ لمحوں کےلئے بند کیا جائے گا،موومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورشن کو ٹریفک کےلئے کھول دیا جائےگا، مال روڈ،جیل روڈ،کینال روڈ،فیروز پور روڈ سے آنے والے شائقین کرکٹ براستہ فیروز پور گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے۔
سی ٹی اولاہور کے مطابق ٹھوکر،جوہر ٹاؤن،کاہنہ کی طرف سے آنے والے شہری براستہ کلمہ چوک،سینٹر پوائنٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے،کینٹ،ڈیفنس کی طرف سے آنے والے شائقین کرکٹ CBD،سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ کرسکیں گے،راستہ ایپ،راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھا جائیگا،شہر ی مزید راہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن15پر کال کرسکیں گے،شہری ٹیم موومنٹس کے دوران قذافی اسٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران جنگ پر ٹیکس دہندگان کے زیادہ پیسے خرچ نہیں ہو رہے؛ ٹرمپ
سی ٹی او لاہورکے مطابق پارکنگ اور اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے ٹریفک کے عملے سے رہنمائی لیں،ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے ہمہ وقت آگاہ رہنے کیلئے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم سنتے رہیں۔






