
(احمد منصور)یورپی کمیشن کی تازہ جی ایس پی پلس رپورٹ میں پاکستان کو بدستور اسکیم کا سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک قرار دیا گیا۔
یورپی کمیشن رپورٹ کے مطابق 2024 میں پاکستان کی 7.5 ارب یورو مالیت کی برآمدات جی ایس پی پلس رعایتوں سے مستفید رہیں ،جی ایس پی پلس کے باعث پاکستان کو 2024 میں تقریباً 732 ملین یورو کی ٹیرف بچت حاصل ہوئی،پاکستان نے جی ایس پی پلس رعایتوں سے استفادے کی شرح 95.1 فیصد تک پہنچا دی،سال 2024 میں یورپی یونین نے پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 28 فیصد درآمد کیا،
رپورٹ کے مطابق پاکستانی ملبوسات، ٹیکسٹائل، چمڑے، تیار خوراک اور دیگر مصنوعات نے یورپی رعایتوں سے نمایاں فائدہ اٹھایا،پاکستان نے جی ایس پی پلس سے متعلق تمام 27 بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق برقرار رکھی،پاکستان نے یورپی یونین کے مانیٹرنگ عمل کے ساتھ مسلسل اور باقاعدہ تعاون جاری رکھا،قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو عالمی اے اسٹیٹس کا حصول، پاکستان کی اھم ادارہ جاتی پیش رفت قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں قومی کمیشن برائے اقلیت کے قیام سے متعلق قانون سازی کو اقلیتوں کےتحفظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا،انسداد تشدد قانون کے عملی قواعد، تربیتی اقدامات اور جیل اصلاحات کو رپورٹ میں مثبت پیش رفت کے طور پر تسلیم کیا گیا،خواتین کے تحفظ، گھریلو تشدد کے تدارک اور کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون سازی کو نمایاں پیش رفت قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں محنت کشوں کے حقوق، جبری مشقت کے خاتمے اور بچوں کی مشقت کے انسداد کے اقدامات کو رپورٹ میں سراہا گیا جبکہ پاکستان کی موسمیاتی پالیسی، کاربن مارکیٹ کے رہنما اصولوں اور حیاتیاتی کے تحفظ سے متعلق اقدامات کا اعتراف بھی کیا گیا۔
علاوہ ازیں،انسداد منشیات کے نئے قوانین اور ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ نظام کو مثبت پیش رفت قرار دیا گیا ،یورپی یونین نے پاکستان کے لیے 400 ملین یورو کے ترقیاتی اور اصلاحاتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کی جانب سے افسران کے تقرر و تبادلے،نوٹیفکیشن جاری






