2

پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور سےمنتقل اہم وجہ بھی سامنے آگئی

 (24نیوز)شدید سموگ کے باعث پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ لاہور سے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق دوسرا ٹیسٹ اصل شیڈول کے تحت 17 سے 21 نومبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا تاہم موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر میچ کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کے شیڈول میں تبدیلی نہیں کی گئی، صرف وینیو تبدیل ہوا۔

میچ کی منتقلی کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:افغانستان کرکٹ کو ایک اور دھچکا،اسکاٹ لینڈ کا دوطرفہ سیریز کھیلنے سے انکار

 علاوہ ازیں لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی نہ آسکی، شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر ہے۔

 شہر میں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 450 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح 500 سے بھی تجاوز کرگئی۔

 سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملتان روڈ، سفاری پارک اور جی ٹی روڈ پر اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کاہنہ میں آلودگی کی شرح 490، گلبرگ میں 475، ایجرٹن میں 432، شاہدرہ اور ڈی ایچ اے فیز 6 میں 392 ریکارڈ کی گئی۔

 اعداد و شمار کے مطابق برکی روڈ پر اے کیو آئی 390، پنجاب یونیورسٹی میں 373 اور واہگہ میں 256 ریکارڈ کیا گیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں