
(حاشر وڑائچ)آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے پارٹی صدر میاں نواز شریف کے دورۂ آزاد کشمیر کو حتمی شکل دے دی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف 21 جولائی کو مظفرآباد جبکہ 24 جولائی کو میرپور میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اس انتخابی دورے میں ان کے ہمراہ ہوں گی۔
انتخابی مہم کے سلسلے میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، انجینئر امیر مقام اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت مظفرآباد پہنچ گئی ہے،وفد میں سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، ایم پی اے اسامہ لغاری اور الیکشن رابطہ سیل کے سینئر رکن راجہ نادر امتیاز بھی شامل ہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے مرکزی قیادت کا استقبال کیا، جہاں انتخابی جلسوں اور مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر منعقدہ مشاورتی اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:چین الیکشن ڈیٹا ہیک کرنے کی کوشش کررہا ہے:ٹرمپ کا امریکی الیکشن میں چینی مداخلت کی کوشش کاالزام
اجلاس میں انتخابی حکمتِ عملی، جلسوں کے شیڈول، امیدواروں سے رابطوں اور انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز ثاقب مجید راجہ، نورین عارف اور عبدالرحمان آرائیں بھی اجلاس میں شریک تھے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق دورۂ آزاد کشمیر کے دوران میاں نواز شریف امیدواروں، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر انتخابات میں بھرپور انتخابی مہم چلانے اور عوامی رابطہ مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔






