
(ویب ڈیسک) ابرار احمد آئی سی سی ون ڈے باؤلرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے۔ ابرار نے نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کی جگہ چھینی ہے۔
انترنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے ۔ پاکستانی سپنر ابرار احمد نے دو سٹیپ ترقی کرتے ہوئے باولرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کو پیچھے چھوڑا۔
بابر اور سلمان کی پوزیشن برقرار
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بابر اعظم 661 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور سلمان علی آغا 622 پوائنٹس کے ساتھ 13ویں نمبر پر برقرار ہیں۔ فخر زمان ایک درجہ ترقی کے بعد گلین فلپس کے ساتھ مشترکہ طور پر 36ویں، محمد رضوان 532 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں اور صائم ایوب چار درجے بہتری کے بعد 468 پوائنٹس کے ساتھ 64ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ شاداب خان بھی ایک درجہ ترقی کرکے 92ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بھارت کے کپتان شبمن گل بیٹرز کی رینکنگ میں پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔
باولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے ون ڈے کپتان شاہین آفریدی ایک درجہ ترقی کے بعد مچل سینٹنر کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ حارث رؤف 24ویں اور نسیم شاہ 55ویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ عرفات منہاس دو درجے تنزلی کے بعد 73ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: سات اکتوبر کی تحقیقات اور نیتن یاہو کی فاشسٹ قانون سازی ریورس، اسرائیلی پارلیمنٹ کے پہلے روز بل پیش ہوگئے
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں سلمان علی آغا 13ویں اور شاہین آفریدی 16ویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ عرفات منہاس دو درجے ترقی کرکے 143 پوائنٹس کے ساتھ 31ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی آل راؤنڈرز میں پہلے، زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔






