رکھنی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور صوبائی حکومت کے ترقیاتی عزم کے تحت ناہڑ کوٹ ڈیم کی بحالی کے لیے 25 کروڑ روپے (250 ملین روپے) کی منظوری کے بعد منصوبے پر باقاعدہ کام شروع ہو چکا ہے۔ برسوں سے غیر فعال اس اہم آبی منصوبے کی بحالی سے علاقے میں زرعی سرگرمیوں، مویشی بانی اور معاشی خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
منصوبے کے تحت سیلابی پانی کے دو راستوں (فلڈ چینلز) کی تعمیر اور تقریباً پانچ ہزار ایکڑ رقبے کو سیراب کرنے کے لیے پانی کی تقسیم کا نظام قائم کیا جائے گا۔ منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 39 کروڑ روپے ہے، جبکہ اس حوالے سے پی سی ون (PC-I) پہلے ہی وزیراعلیٰ بلوچستان کے دفتر میں جمع کرایا جا چکا ہے۔ مزید 15 کروڑ روپے کی منظوری سے منصوبے کی مکمل تکمیل ممکن ہو سکے گی۔
ڈیم کی بحالی سے زرعی اور لائیو اسٹاک کی پیداوار میں پانچ سے چھ گنا اضافے کی توقع ہے، جس سے مری، مسوری اور دیگر ملحقہ آبادیوں کو روزگار، زرعی پیداوار، گندم اور مویشیوں کے لیے چارے اور چراگاہوں کے وسائل میسر آئیں گے۔
علاقے کے عوام نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی حکومت، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری، چیف انجینئر، ایکسین اور دیگر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناہڑ کوٹ ڈیم کی بحالی کے لیے عملی اقدامات سے علاقے کے عوام میں خوشی اور امید کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔بلاشبہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ رکھنی کے اجتماع میں کیا گیا وعدہ اب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے، جو حکومت بلوچستان کی عوام دوست پالیسیوں اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔
5






