
(فاران یامین،حاشر وڑائچ،اقصیٰ شیخ)محکمہ موسمیات نے ملک میں موسم کے حوالے سے اہم پیش گوئی کردی جس کے مطابق آزاد کشمیر میں 18 سے 25 جولائی، گلگت بلتستان میں 19 سے 23 جولائی، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
20 سے 24 جولائی کے دوران دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کرک، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
18 تا 25 جولائی کے دوران کشمیر میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور قصور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ 19 تا 23 جولائی کے دوران پنجاب کے بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ملتان میں بھی آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، ڈی جی خان، راجن پور اور لیہ میں بھی آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے
19 تا 23 جولائی کے دوران گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور گرج چمک متوقع ہے،چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے،19 تا 23 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے،بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہرکیاگیا ہے۔
20 تا 24 جولائی کے دوران سندھ کے سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، شکارپور اور گردونواح میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے،شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں کی آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے۔
متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے،19 تا 23 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور دیگر بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،عوام کوکہاگیاہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں،کسان موسمی صورتحال کے مطابق اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں،بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، تاروں اور کمزور عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے،تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں،شہر میں حبس اور گرمی کی کیفیت برقرارہے اورشہر کا مطلع صاف ہے جبکہ سورج آگ برسانے لگاہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39اور کم سے کم 31 ڈگری ہوگا،شہر میں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی،ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج دن کے وقت موسم گرم اور شدید حبس رہے گا،تاہم شام اور رات کے اوقات میں بعض اوقات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں شہر اقتدار کا درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاجبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،اسلام آباد میں دن بھر 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد سے زائد ریکارڈکیاگیاہے۔
کشمیر اور بالائی کے پی کے میں دن کے بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کیساتھ بعض مقامات پر بارش کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں
دوسری طرف کراچی کا مطلع جزوی ابر آلوداور گرمی کی شدت برقرارہے،تاہم ہوائیں چلنے سے حبس میں کچھ کمی آئی ہے،کراچی کادرجہ حرارت صبح کے وقت ہی 30 ڈگری تک پہنچ گیا جبکہ آج پارہ 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔






