
(24نیوز)ایران امریکا جنگ رکوانے کیلئے پاکستان ایک بار پھر متحرک ہوگیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ سکندر مؤمنی نے ملاقات کی اور ایرانی صدر کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی وزیرداخلہ کی فیلڈ مارشل سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
پاک ایران تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مؤمنی وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی روابط اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی جہت دینا چاہتا ہے۔ملاقات میں سرحدی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی، غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی مشاورت کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ، اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر ایرانی وزیرِ داخلہ سکندر مؤمنی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایرانی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔ایرانی وزیر داخلہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مارکیٹ میں ہلچل! سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، خریدار حیران






