
(ویب ڈیسک) پی ٹی اے نے صارفین کو موبائل سروس کی بندش سے بچنے کے لیے شناختی کارڈ فعال رکھنے کا حکم دیتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے ملک بھر کے تمام موبائل صارفین کے لیے ایک اہم ترین نوٹس جاری کردیاجس میں کہا گیا ہے کہ موبائل سروسز کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے صارفین اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کو ہر صورت فعال رکھیں۔
شناختی کارڈ کی منسوخی، زائد المیعاد ہونے یا کارڈ ہولڈر کے انتقال کی صورت میں متعلقہ سمز بند کر دی جائیں گی۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ تین صورتوں میں صارفین کی موبائل سروس کسی بھی وقت معطل کی جا سکتی ہے، اگر زیرِ استعمال سم کے ساتھ منسلک شناختی کارڈ نادرا کی جانب سے منسوخ کر دیا گیا ہو، اگر شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہو چکی ہو اور اگر سم کسی ایسے شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہو جو وفات پا چکا ہو۔
پی ٹی اے نے صارفین کو سم بلاک ہونے سے بچنے کے لیے حل بتاتے ہوئے کہا جن صارفین کے شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہو چکی ہے، وہ موبائل سروس کی بندش سے بچنے کے لیے نادرا سے فوری طور پر اپنے کارڈ کی تجدید کروائیں۔
شناختی کارڈ کی منسوخی سے متعلق کسی بھی قسم کے بلاکنگ یا تیکنیکی مسئلے کے حل کے لیے نادرا کے قریبی دفتر سے رجوع کریں۔
صارفین اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی سم کسی فوت شدہ شخص کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نہ ہو، ایسی صورت میں متوفی کا قانونی وارث یا شریکِ حیات متعلقہ موبائل کمپنی کے سروس سینٹر یا فرینچائز پر جا کر، ضروری دستاویزی ثبوت جمع کروا کر سم کی ملکیت اپنے نام منتقل کروا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے حکام نے تمام موبائل صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈز کی بروقت تجدید کو یقینی بنائیں تاکہ ان کا موبائل رابطہ منقطع نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں : موبائل کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ






