
(24 نیوز ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 42 رکنی زیر تربیت افسران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا، وفد میں 39 اسسٹنٹ الیکشن کمشنرز، 2 ریسرچ ایسوسی ایٹس اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل تھے،دورے کے دوران زیر تربیت الیکشن افسران نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔
اس موقع پر اے آئی جی آپریشنز سرفراز ورک نے وفد کو عام اور ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات، انتخابی عمل سے قبل اور بعد میں کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، وفد کو پنجاب پولیس کے انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ، پبلک سروس ڈلیوری کے نظام اور مختلف اصلاحاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، شرکاء کو سنٹرل پولیس آفس میں قائم پنجاب پولیس میوزیم، کنٹرول روم اور دیگر اہم شعبوں کا بھی دورہ کروایا گیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس انتخابی عمل میں الیکشن افسران کے اہم کردار کو سراہتی ہے اور ہر انتخاب کے دوران الیکشن افسران، پولنگ عملے اور انتخابی سرگرمیوں کے پرامن انعقاد کے لیے بھرپور سکیورٹی فراہم کرتی ہے۔
آئی جی پنجاب نے زیر تربیت افسران سے ان کی تربیت کے مختلف مراحل اور حاصل ہونے والے تجربات کے بارے میں دریافت کیا اور وفد کے شرکاء کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے، دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب عبدالکریم اور وفد کے درمیان یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیاراؤ، ڈی آئی جی آئی ٹی منصور الحق سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہبا ز شریف کا ’’آپریشن شعبان‘‘ کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین






