2

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سکائی47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کردیا

(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکائی47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کو ڈیٹا سینٹر سکائی 47 قراقرم ون پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ڈیٹا سینٹر کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور ڈیجیٹل خدمات کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

سکائی47 ڈیٹا سینٹر ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب اہم پیشرفت ہے، ڈیٹا سینٹر مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کے تقاضے پورے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈیٹا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدین ترین ڈیٹا سینٹر متاثر کن اور قابل تحسین ہے، عظیم منصوبے کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے، منصوبہ انتہائی مختصر مدت میں غیر معمولی عزم، پختہ یقین، اعلیٰ مہارت سے مکمل کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی بصیرت افروز قیادت، شراکت دار زیڈ ٹی ای کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،  معرکہ حق میں کامیابی ملکی تاریخ کا عظیم ترین لمحہ تھا، مشکلات اور چیلنجز کا امید، حوصلے سے مقابلہ کریں تو معرکہ حق جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  مسلسل محنت ایسے عظیم منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیتی ہے، متحد ہو کر کام کریں تو کوئی ہدف ناقابل حصول نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سکائی47 جیسے منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں، قوم کو سکائی 47 جیسا تحفہ دینے پر تمام سٹیک ہولڈرز کا مشکور ہوں، منصوبہ ملک کو ناقابل تسخیر سیکیورٹی فراہم کرے گا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے ڈیٹا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر کا افتتاح پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے نئے دور کا آغاز ہے، آج ایک نئے معاشی دور کے دروازے کھل رہے ہیں، ہم اپنے وسائل اور افرادی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔

شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیٹا کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے، مصنوعی ذہانت کو حقیقی معاشی قدر میں ڈھالنے کی صلاحیت ہے، ڈیٹا سے حاصل ہونے والی بصیرت مستقبل کی حقیقی معاشی طاقت ہے، مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ محفوظ، کم لاگت اور مؤثر استعمال پر منحصر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:سٹیٹ بینک27جولائی کو مانیٹری پالیسی کا اعلان کریگا ،ماہرین کا ڈالر کی قیمت کے حوالے سے اہم بیان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں