
(24نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے چار دہشتگردوں کو ہلاک کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور انہیں دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارک باد دی ہے۔
آج جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑی تباہ کر دی اور کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت 4 خوارج ہلاک کردیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا۔
بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، گاڑی میں موجود خودکش حملہ آور ہلاک کر دیا گیا، چیک پوسٹ کو نقصان نہیں پہنچا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے باقی تین خارجیوں کا تعاقب کیا، تینوں قریبی عمارت میں چھپ گئے تھے، آپریشن کے دوران باقی خارجیوں کو انتہائی مہارت سے ہلاک کر دیا گیا، کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مسلح افواج اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دہشتگردوں کے وجود سے اپنی سرزمین کو پاک کرنے میں عظیم کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر بارود بھری گاڑی لانے والے خوارجی دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملانے والے اہلکاروں سے کہا کہ حکومت اور عوام ان کے حوصلے اور دلیری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت اور عوام دہشتگردوں سے لڑنے والے اہلکاروں کی حفاظت اور کامیابی کے لئے ہر طرح سے تعاون کریں گے۔
یہ بھی پڑھیئے: جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، خودکش حملہ آور سمیت 4 خوارج ہلاک






