
(احمد منصور )امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن ریان کیتھ زنکے (ریاست مونٹانا) اور مائیکل جیمز (ریاست واشنگٹن) نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی تعاون و خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کی بنیاد اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور رابطہ سازی پر ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کاروبار دوست ماحول کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے جاری ساختی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا، دونوں جانب سے دوطرفہ اقتصادی روابط، نجی شعبے کے درمیان شراکت داری اور باہمی تجارت کے فروغ کے نئے مواقع پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکی وفد نے پاک فوجی قیادت کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور امریکہ و پاکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں :مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کرنل (ر) شیر افگن خان انتقال کر گئے






