1

وزیر داخلہ محسن نقوی کی قطری ہم منصب سے ملاقات، سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر داخلی سلامتی فورس (لخویا) شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں سکیورٹی، داخلی سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی پارٹنرشپ کو مزید وسعت دینے اور وزارت داخلہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اس موقع پر خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام اور داخلی سکیورٹی سے متعلق مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ سکیورٹی اور دیگر مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات میں محسن نقوی نے قطری وزیر داخلہ سے ان کے والد اور قطر کے سابق امیر، شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے قطر کی تعمیر و ترقی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر قطری وزیر داخلہ نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں