
(24نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کے ایڈیشنل کمشنر واصف بشیر کھوکھر کو مالی سال 2026-27 کی سالانہ اسٹریٹجک کانفرنس کے دوران ریونیو انتظامیہ میں غیر معمولی کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت اور ادارے کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں دو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔
یہ اعزازات مالی سال 2025-26 میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے 368 ارب روپے کی ریکارڈ ٹیکس وصولی کے تاریخی سنگِ میل کی مناسبت سے منعقدہ سالانہ اسٹریٹجک کانفرنس میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے دیے گئے۔
کانفرنس کی صدارت وزیرِ خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کی، جبکہ اس موقع پر گزشتہ مالی سال کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مالی سال 2026-27 کے لیے محصولات کے اہداف اور ادارہ جاتی حکمتِ عملی کا تعین بھی کیا گیا۔
واصف بشیر کھوکھر جو اس وقت لاہور کمشنریٹ اور لارج ٹیکس پیئرز کمشنریٹ میں ایڈیشنل کمشنر کے فرائض انجام دے رہے ہیں، کو ریونیو کلیکشن، مؤثر انتظامی صلاحیتوں اور ادارے کی کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر یہ اعزازات دیے گئے۔
اس موقع پر وزیرِ خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے واصف بشیر کھوکھر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، انتھک محنت، دیانت داری اور ادارے کی کامیابی میں ان کے مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے افسران ہی سرکاری اداروں کی کارکردگی کو نئی بلندیوں تک پہنچاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا، آبنائے ہرمز سے متعلق خدشات بڑھ گئے
کانفرنس کے دوران پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین معظم اقبال سپرا کی قیادت کو بھی بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جن کی مؤثر حکمتِ عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ادارے نے ریکارڈ 368 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کا تاریخی ہدف حاصل کیا۔ مقررین نے اس کامیابی کو پوری ٹیم کی اجتماعی محنت، مؤثر انتظامی اصلاحات اور پیشہ ورانہ عزم کا ثمر قرار دیا۔
شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی آئندہ مالی سال میں بھی محصولات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے صوبے کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اپنی کامیابیوں کا سفر اسی جذبے سے جاری رکھے گی۔