
(مریم مظہر)محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی۔
باغوں کے شہر لاہور میں جشن آزادی کے روز موسم خوشگوارہوگیا،مختلف علاقوں میں موسم جزوی ابر آلودہے اور بعض علاقوں میں ہلکی بارش بھی ریکارڈکی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج دن بھر 60 فیصد بارش کے امکانات ہیں،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہورمیں 5کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد تک ریکارڈ کیا گیاہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔






