
(24 نیوز) جنوبی کوریا کے ماہرین نے ایسا جدید روبوٹک لباس تیار کیا ہے جو معذور افراد، بزرگوں اور بحالیِ صحت کے مرحلے سے گزرنے والے مریضوں کو خود لباس پہننے میں مدد دے سکتا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی جنوبی کوریا کی KAIST اور امریکی Stanford University کے محققین کی مشترکہ تحقیق کا نتیجہ قرار دی گئی ہے، اس نظام میں کپڑے کے اندر نرم اور لچک دار روبوٹک ٹیوبز نصب کی گئی ہیں، جنہیں ہوا کے دباؤ سے حرکت دی جاتی ہے۔
بٹن دبانے پر یہ ٹیوبز کپڑے کو کھولتے ہوئے جسم کے گرد لپیٹ دیتی ہیں اور پہننے والے کو جیکٹ، قمیض یا دیگر لباس پہننے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
محققین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا مقصد ایسے افراد کے لیے لباس پہننے کے عمل کو آسان اور محفوظ بنانا ہے جو اپنے ہاتھوں یا جسم کی حرکت پر مکمل قابو نہیں رکھتے ہیں، تجربات میں روبوٹک نظام نے تقریباً 10 سیکنڈ میں لباس پہننے میں مدد فراہم کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو اسپتالوں، بحالی مراکز اور ایسے کام کی جگہوں پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جہاں حفاظتی لباس تیزی سے پہننا ضروری ہوتا ہے، مثلاً طبی مراکز، فائر فائٹنگ اور سیمی کنڈکٹر کی فیکٹریاں۔
محققین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی انسان اور روبوٹ کے درمیان تعاون کو مزید آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، تاہم اسے عام استعمال میں لانے سے پہلے مزید تجربات اور بہتری کی ضرورت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت سے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے مذاکرات بے نتیجہ ختم






