
(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچ کے دوران قذافی سٹیڈیم لاہور کی پچ پر عائد کیا گیا ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی سی نے ابتدائی طور پر قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست اور فراہم کردہ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی نے اپنا فیصلہ تبدیل کردیا۔
نظرثانی کے عمل میں پچ کی صورتحال، میچ کے دوران اس کے رویے اور متعلقہ تکنیکی شواہد کا جائزہ لیا گیا، جائزے کے بعد آئی سی سی نے قرار دیا کہ پچ کو ڈی میرٹ پوائنٹ دینے کی بنیاد کافی نہیں تھی، جس کے بعد پوائنٹ واپس لے لیا گیا۔
یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ڈی میرٹ پوائنٹس کا تعلق بین الاقوامی میچوں کے انعقاد کے لیے گراؤنڈز کی درجہ بندی اور مستقبل میں وہاں میچز کی میزبانی سے بھی ہوتا ہے۔
قذافی سٹیڈیم پاکستان کے اہم ترین کرکٹ گراؤنڈز میں شامل ہے اور یہاں مسلسل بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد ہوتا رہا ہے.
آئی سی سی کی جانب سے ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لیے جانے کے بعد اس میدان کی پچ سے متعلق ابتدائی اعتراض بھی ختم ہوگیا ہے۔
یوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی اپیل منظور ہونے کے بعد قذافی اسٹیڈیم کے ریکارڈ سےڈی میرٹ پوائنٹ خارج کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محسن نقوی کی ہدایات پر پاسپورٹ سروسز کے اوقات کار میں توسیع






